اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان توانائی، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ سمیت 45 ارب ڈالر مالیت کے 51 منصوبوں پر دستخط ہوگئے۔ ایران پاکستان گیس پائپ لائن اور گوادر میں ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر بھی چینی کمپنی کرے گی۔ چائنہ پاک اکنامک کوریڈور منصوبے کے تحت پاکستان اور چین نے 51 معاہدوں اور مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط کر دیے ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق چین اور پاکستان کے درمیان 8 ہزار 370 میگاواٹ کے 14 بجلی منصوبوں پر دستخط ہوگئے ہیں۔ بجلی کی پیداوار اور ٹرانسمیشن لائن کے منصوبوں پر چینی کمپنیاں مجموعی طور پر 18 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی۔ چینی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے طے پانے کے بعد 8 ہزار 370 میگاواٹ بجلی کے 12منصوبوں کا فنانشل کلوز مکمل ہوگیا ہے۔ وزارت پانی و بجلی اور چینی کمپنیوں کے درمیان 1320 میگاواٹ پورٹ قاسم کول منصوبہ، 660 میگاواٹ حبکو پاور، 1320 تھرکول بلاک اور 660 میگاواٹ سندھ اینگرو منصوبے کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے ہیں۔
870 میگاواٹ سکھی کناری پن بجلی منصوبہ، 720 میگاواٹ کروٹ، 100میگاواٹ یو ای پی ونڈ اور 50 میگاواٹ ہائیڈرو چائنہ ونڈ فارم منصوبے کے معاہدوں پر بھی دستخط ہوگئے ہیں۔ 50 میگاوٹ سچل ونڈ اور 1320میگاواٹ ساہیوال کول منصوبے کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے ہیں۔ 300 میگاواٹ سالٹ رینج کول پاور منصوبہ، 1000 میگاواٹ قائد اعظم سولر پاور پارک اور مٹیاری تا لاہور اور مٹیاری تا فیصل آباد ٹرانسمیشن لائن منصوبے کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے ہیں۔ وزارت پیٹرولیم اور چینی کمپنی کے درمیان 2 ارب ڈالر کے ایران پاکستان گیس پائپ لائن اور گوادر میں ایل این جی ٹرمینل کے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔ وزارت پیٹرولیم کے حکام کے مطابق پائپ لائن اور ایل این جی ٹرمینل چائنہ پائپ اینڈ پٹرولیم کمپنی تعمیر کرے گی۔
ایران پر پابندیاں ختم ہونے کے بعد نواب شاہ سے ایرانی سرحد تک مزید 80 کلومیٹر پائپ لائن تعمیر ہوگی۔ کراچی لاہور موٹروے کی تعمیر میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت اورگوادر اسپتال، ڈیجیٹل ٹرسٹیریل ملٹی میڈیا براڈ کاسٹ منصوبے کی دستاویز پر دستخط ہوگئے ہیں۔ پاکستان اور چین کے درمیان منشیات کی روک تھام، لاہور میٹرو اورنج لائن ریلوے نظام اقتصادی تکنیکی معاہدے اور اسٹریٹجک تعاون کی شراکت داری کے مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط ہوئے ہیں۔ چھوٹے پن بجلی منصوبوں کے لیے پاکستان چین مشترکہ تحقیقی مرکز، پاکستان میں ڈیجیٹل ٹرسٹیریئل ملٹی میڈیا براڈ کاسٹ اور چین کے ثقافتی مرکز کے قیام کا بھی افتتاح کیا گیا۔ دونوں رہنماوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے توانائی کے پانچ منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا جبکہ 8 منصوبوں کا افتتاح کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169